قطر نے چپکے سے ایک ایسی ائیرلائن خریدنا شروع کردی کہ دنیا دنگ رہ گئی، گوروں کی نیندیں اُڑگئیں
لندن (نیوز ڈیسک) یورپی یونین سے علیحدگی کے بعد برطانیہ کا معاشی استحکام خطرے میں پڑچکا ہے اور مالی مشکلات کا یہ عالم ہے کہ اس کے اہم ترین ادارے بھی بکنے لگے ہیں۔ برطانیہ کی مخدوش اقتصادی صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے قطر نے بھی ایک بڑا قدم اٹھالیا ہے اور اس ملک کی قومی ائیرلائن کے 20 فیصد حصص خرید لئے ہیں۔
میل آن لائن کی رپورٹ کے مطابق یورپی یونین ریفرنڈم کے بعد برٹش ائیرویز کے حصص میں غیر معمولی کمی ہو رہی تھی جس کے بعد متعدد غیر ملکی ادارے اور حکومتیں اس کے حصص خریدنے کی کوشش میں تھیں۔ برٹش ائیرویز کے حصص کی قدر میں ایک چوتھائی کمی آنے کے بعد قطر نے اس ائیرلائن میں اپنی ملکیت کو 15.67 سے بڑھا کر اب 20.01 فیصد کرلیا ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ 20 فیصد ملکیت کے ساتھ قطر کو یہ اختیار حاصل ہوگیا ہے کہ وہ برٹش ائیرویز کے انتظامی معاملات سے متعلقہ فیصلوں پر اثر انداز ہوسکتا ہے۔
قطر ائیرویز کی طرف سے جاری کئے گئے ایک بیان میں کہا گیا کہ برٹش ائیرویز کے مزید حصص خریدنے کا فی الحال کوئی منصوبہ زیر غور نہیں ہے جبکہ ائیرلائن کی انتظامیہ اور ملازمین کو یہ یقین دہانی بھی کرائی گئی کہ قطر ائیرویز ان کے سٹیٹس میں تبدیلی کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی ہے۔ واضح رہے کہ قطر کی سرکاری ائرلائن قطر ائیرویز اس سے پہلے چلی کی لیٹ ایم ائیرلائن کے 10 فیصد حصص اور اٹلی کی میریڈیانا ائیرلائن کے 49 فیصد حصص خریدنے پر بھی اتفاق کرچکی ہے۔