’اب اگر ائیرپورٹ آنا ہو تو اس ایک بات کا ہر صورت خیال رکھنا ورنہ داخلے کی اجازت نہیں ملے گی‘ سعودی عرب نے مسافروں کو خبردار کردیا، واضح اعلان کردیا
جدہ(مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی شہر جدہ کے شاہ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ذریعے سفر کرنے والے عازمین حج و عمرہ اور کام کی غرض سے وہاں مقیم پاکستانیوں کے لیے اہم خبر ہے کہ ایئرپورٹ کی انتظامیہ نے مسافروں پر کچھ نئی پابندیاں لاگو کر دی ہیں۔ سعودی گزٹ کی رپورٹ کے مطابق انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ ”اب مسافر فلائٹ کی روانگی سے صرف 4گھنٹے قبل ایئرپورٹ پر آ سکتے ہیں۔ اس سے پہلے آنے والوں کو لاﺅنج میں داخلے کی اجازت نہیں ہو گی۔ “رپورٹ کے مطابق ایئرپورٹ اتھارٹی نے عیدالفطر کی چھٹیوں کے دوران کامیاب تجربے کے بعد ”المسافرین“کے نام سے ایک نئے میکانزم کی منظوری دے دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ”مسافر اپنی پرواز کی روانگی سے کئی کئی گھنٹے پہلے آ کر لاﺅنج میں براجمان ہو جاتے ہیں جس سے رش اس قدر بڑھ جاتا ہے کہ بسااوقات ایئرپورٹ کی گنجائش سے تین گنا زیادہ ہو جاتا ہے۔تاہم بچے، بوڑھے اور معذور افراد اس نئے فیصلے مستثنیٰ ہوں گے۔ایسے تمام مسافروں کے ساتھ ایک شخص کو ایئرپورٹ کے اندر آنے کی اجازت ہو گی جو ان کی سفری کارروائی مکمل کرنے میں ان کی مدد کر سکے۔“ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ”اس فیصلے سے ایئرپورٹ پر لگنے والی بھیڑ کم کرنے میں مدد ملے گی اور سکیورٹی کے معاملات کو بھی بہتر بنایا جا سکے گا۔ اس سے ایئرپورٹ کی حدود میں ناجائز ٹیکسیوں کا داخلہ بھی روکا جا سکے گا اور چوری اور جیب تراشی کے واقعات پر بھی قابو پایا جا سکے گا۔“
